صحيح ابن خزیمہ: امام ابن خزیمہؒ کی سب سے مایہ ناز تالیف ہےِ، اس کا شمار حدیث کی اہم اور معتبر کتابوں میں ہوتا ہے۔ علامہ سیوطیؒ نے بخاری ومسلم کے بعد جن کتابوں کو زیادہ معتبر بتایا ہے، ان میں کتب صحاح کے ساتھ اس کا بھی ذکر کیا ہے، وہ یہ بھی لکھتے ہیں کہ صحیح ابن خزیمہ کا پایہ صحیح ابن حبان سے زیادہ ہے، کیونکہ ابن خزیمہ نے صحت کی جانب زیادہ توجہ کی ہے۔ وہ ادنی شبہ پر بھی توقّف سے کام لیتے ہیںَ، اور یہ صحت میں صحیح مسلم کے قریب ہے"۔
لیکن و اضح رہے کہ اس میں ساری حدیثیں صحیح نہیں ہیں جیسا کہ بعض لوگوں کا خیال ہے ، بلکہ اس میں صحیح ، حسن کے ساتھ کچھ ضعیف حدیثیں بھی ہیں۔ کتاب کی افادیت کے پیش نظر انصار السنہ پبلیکیشنز کے ذمہ دراران نے آسان و معیاری اردو میں تخریج وتحقیق کے ساتھ شائع کیا ہے۔ کتاب کے ترجمہ کی سعادت شیخ الحدیث مولانا محمد اجمل بھٹی -حفظہ اللہ- نے حاصل کی ہے اور فوائد کا فریضہ مولانا محمد فاروق رفیع -حفظہ اللہ- نے سر انجام دیا ہے ۔ علامہ البانیؒ کی تحقیق اور مولانا نصیر احمد کاشف -حفظہ اللہ- کی تخریج سے کتاب کی افادیت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ فقہی ابواب پر مرتّب ، (3079) حدیث کا یہ مجموعہ طالبان علوم نبوت کیلئے ایک بیش بہا علمی تحفہ ہے۔ رب کریم کتاب کے مؤلف، مترجم، محقق ، ناشر، مراجع کو جزائے خیر دے ، اور جملہ قارئین کے لئے اس کے نفع کو عام کرے۔ اور ہم سب کو نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کو اپنی زندگی میں حرزِ جاں بنانے کی توفیق دے۔ آمین!